نئی دہلی، 06 فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تنظیم انتخابات جون تک کرانے کی مہلت پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے الیکشن کمیشن سے پھر 6 ماہ کا وقت مانگا ہے۔ کمیشن نے گزشتہ نصف ماہ میں ہی کانگریس کو ایک سال کی مہلت گزرنے کے باوجود تنظیم الیکشن نہ کرانے پر سخت لہجے میں خط لکھا تھا۔کمیشن نے کانگریس کے نام بھیجے نوٹس میں صاف لکھا کہ بار بار مہلت دئے جانے کے باوجود پارٹی نے تنظیم الیکشن نہیں کرائے، لہذا اب کمیشن یہ آخری موقع دے رہا ہے کہ 30 جون تک پارٹی کے اندرونی انتخابات کراکر نتائج کی فہرست کمیشن کو سونپ دے۔کانگریس کے اعلی سطحی ذرائع کے مطابق اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی نے 31 دسمبر تک کا وقت دینے کی اپیل کی ہے، کیونکہ اسمبلی انتخابات کے فورا بعد بھی انتخابات کا عمل شروع کیا جائے تو کم از کم پانچ سے سات ماہ اسے پورا ہونے میں لگیں گے، اس لئے کانگریس نے اور 6 ماہ کا وقت مانگا ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عرضی پر کمیشن غور کرے گا۔